بھٹکل ، 25/ مئی (ایس او نیوز) تعلقہ کے ماروکیری علاقے میں چیتا گھس آیا اور ایک گھر کے باڑے میں بندھی ہوئی گائے اٹھا کر لے جانے کے بعد اسے مار کر کھا گیا ۔
سمجھا جاتا ہے کہ چیتے نے آدھی کے رات کے وقت کرشنا درگپّا نائک نامی شخص کے گھر سے متصل باڑے میں موجود گائے اٹھا لے گیا ہوگا ۔ گھر والوں نے صبح کے وقت باڑے میں گائے موجود نہ ہونے پر باہر تلاش کرنا شروع کیا تو گھر سے ذرا دوری پر چیتے کے ذریعے کھائی گئی گائے کا آدھا حصہ یونہی پڑا ہوا ملا ۔
اس واقعے کی خبر ملنے پر پنچایت افسران ، جانور کے ڈاکٹر اور محکمہ جنگلات کے افسران نے موقع پر پہنچ کر معائنہ کیا جس کے بعد ظاہری علامات اور شواہد کی بنیاد پر اندازہ لگایا گیا کہ شائد یہ چیتے کا حملہ تھا ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ آج کل دیہی علاقوں میں چیتے کی چہل پہل اور مویشیوں پر حملے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے ۔ ماروکیری گرام پنچایت کے نائب صدر ایم ڈی نائک نے محکمہ جنگلات کے افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ باڑے میں بندھی گائے چیتے کے ذریعے اٹھا لے جانے اور اسے کھانے کے معاملے سے متاثرہ مالک کو مناسب معاوضہ ادا کیا جائے ۔